شمعون عباسی کی فلم ’دُرج‘ پر پابندی عائد

فوٹو: بشکریہ انسٹاگرام

اداکار و پروڈیوسر شمعون عباسی کی رواں ماہ ریلیز کی جانے والی فلم ’دُرج‘ پر سینسر بورڈ کی جانب سے پابندی عائد کردی گئی۔

شمعون عباسی نے گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر فلم کو ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان کیا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سینما انڈسٹری کو رواں ماہ کچھ مختلف دیکھنے کو ملے گا۔

اداکار و پروڈیوسر شمعون عباسی کی تجسس خیز فلم ’دُرج‘ کو رواں سال 11 اکتوبر کو دنیا بھر میں جب کہ 18 اکتوبر کو پاکستان میں نمائش کے لیے پیش کیا جانا تھا اور فلم کو عالمی کانز فلم فیسٹیول میں بھی پیش کیا جانا تھا۔

فوٹو: بشکریہ فیس بُک

فلم ’دُرج‘ پر حال ہی میں تمام سینسر بورڈ کی جانب سے پابندی عائد کردی گئی ہے تاہم پابندی عائد کرنے کی وجہ اب تک سامنے نہیں آسکی۔

فلم ’دُرج‘ کے حوالے سے اداکار کا کہنا تھا کہ بہت سارے اداکاروں نے اس فلم کو بنانے کے عمل کے دوران چھوڑ دیا تھا، کچھ میں اتنی ہمت نہیں تھی کہ پہاڑوں پرسخت دھوپ میں عکس بندی کرسکیں جب کہ کچھ لوگ اس فلم پر یقین ہی نہیں کرتے تھے ۔

واضح رہے کہ ’دُرج‘ کی ہدایات کاری بھی شمعون عباسی نے کی ہے اور اس کی کہانی بھی انہوں نے ہی لکھی ہے، فلم میں مرکزی کردار بھی شمعون عباسی نے ہی کیا ہے اور ان کے ساتھ دیگر کاسٹ میں مائرہ خان، شیری شاہ، نعمان جاوید اور دیگر اداکار شامل ہیں۔

آدم خور انسانوں کی کہانی پر مبنی فلم کی ایسی کہانی اس سے قبل  کسی ڈائریکٹر نے نہیں بنائی، شمعون عباسی اور پروڈکشن ٹیم نے فلم کو حقیقی رنگ دینے کے لیے کئی ماہ ریسرچ کی اور انہوں نے کافی وقت دنیا سے الگ تھلگ غاروں میں رہنے والے انسانوں کے ساتھ گزارا تاکہ اِن کے طرز زندگی کو صحیح روپ میں دکھا سکیں۔

فلم کے ٹریلرز کو اب تک یوٹیوب اور سوشل میڈیا پر لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں جبکہ مداحوں کو فلم کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.